پشاور: وزیر اعظم عمران خان نے پشاور کے دورے کے موقع پر حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا دورہ کر کے کرونا کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا دورہ کیا ہے، وزیر اعظم کو اس موقع پر کرونا کی صورت حال اور روک تھام کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
دورے کے موقع پر وفاقی وزیر اسد عمر، وزیر مملکت شہریار آفریدی، ثانیہ نشتر، گورنر خیبر پختون خوا شاہ فرمان، وزیر اعلیٰ محمود خان اور صوبائی وزیر صحت بھی موجود تھے۔
ملک میں کرونا سے اموات 66 ہو گئیں، 4601 افراد متاثر
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے کوئٹہ کا بھی دورہ کیا تھا اور اس دوران وہ بولان میڈیکل کمپلیکس بھی گئے جہاں انھوں نے آئسولیشن وارڈ کا جائزہ لیا، اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری، سردار یار محمد رند بھی ان کے ہمراہ تھے، چیف سیکریٹری بلوچستان نے کرونا اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی تھی۔
اس سے قبل ہفتے کو وزیر اعظم نے لاہور میں قائم قرنطینہ سینٹر کا بھی دورہ کیا تھا، انھوں نے اس موقع پر قرنطینہ میں تعینات ڈاکٹرز اور عملے سے بات چیت بھی کی، وزیرا عظم نے ان سے کہا کہ پوری قوم کو آپ کی خدمات پر فخر ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کو وِڈ نائنٹین کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 4 ہزار 601 ہو گئی ہے،کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے آج جاری اعداد و شمار میں کہا گیا ہے کہ ملک میں وائرس کے باعث اموات کی تعداد بڑھ کر 66 ہو گئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 284 کیس سامنے آئے جب کہ 4 مزید اموات رپورٹ ہوئیں۔