اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کو انٹرنیشنل اسپورٹس پرسنلٹی ایوارڈ دینے کا اعلان کردیا ، ایوارڈ کی تقریب دبئی میں 9جنوری کو ایکسپو2020 میں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کھیلوں کے شعبے میں خدمات اور کاوشوں کے اعتراف میں انٹرنیشنل سپورٹس پرسنالٹی ایوارڈ جیت لیا ہے۔
وزیر اعظم نے 1992 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کرنے پر دبئی کا مشہور محمد بن راشد المکتوم تخلیقی اسپورٹس ایوارڈ جیتا۔
عمران خان کے نام کا اعلان دبئی میں دنیا کے سب سے گہرے ڈائیونگ پول ڈیپ کے سنگم میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا گیا، جہاں دبئی اسپورٹس کونسل کے چیئرمین شیخ منصور بن محمد بن راشد المکتوم مہمان خصوصی تھے۔
ایوارڈ کی تقریب دبئی میں 9جنوری کو ایکسپو2020 میں ہوگی، جس میں وزیراعظم عمران خان کو مدعو کیا گیا ہے۔
عمران خان نے 21 سال کے شاندار کرکٹ کیریئر میں پاکستان کے لیے 88 ٹیسٹ اور 175 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے، انہوں نے 362 وکٹیں حاصل کیں اور ٹیسٹ میں 3,807 رنز بنائے جبکہ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 182 اور 3,709 رنز بنائے۔
یاد رہے ستمبر میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ روی شاستری نے پاکستان کے سابق کپتان اور موجودہ وزیراعظم عمران خان کو عظیم ترین کرکٹرز میں سے ایک قرار دیا تھا۔
حال ہی میں شائع ہونے والی کتاب ’’ اسٹار گیزنگ: دی پلیئرز ان مائی لائف ‘‘ میں روی شاستری نے کہا کہ عمران خان کے کیریئر میں ریکارڈ خود بولتے ہیں۔