ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا مشترکہ اعلامیہ جاری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا، دونوں ممالک روایتی اور غیر روایتی شعبوں میں اقتصادی تعاون اور اعلیٰ سطح کے رابطوں میں اضافہ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیے میں دفاعی شعبے پر جوائنٹ کمیٹی کا اجلاس راولپنڈی میں بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک تجارت کے فروغ کے لیے گیٹ وے کے طور پر کام کریں گے، دونوں ممالک ہیوی انڈسٹریز میں ایک دوسرے سے تعاون کو فروغ دیں گے اور حلال فوڈ کے کاروبار میں ادارہ جاتی خدمات فراہم کریں گے جبکہ پاکستان اور ملائیشیا سیاحتی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے بھی تعاون کریں گے۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی شعبے میں جاری تعاون کو وسعت دی جائے گی۔ دونوں کے درمیان قابل تجدید توانائی، قدرتی وسائل، ایرو اسپیس اور ایروناٹیکل کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، اے آئی اور ای کامرس کے شعبے میں تعاون بڑھایا جائے گا جبکہ دونوں پارلیمانی ڈپلومیسی جاری رکھیں گے۔ ملائیشین پارلیمنٹ کے اسپیکر وفد کے ہمراہ اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔

مشترکہ اعلامیہ کے مطابق لاہور سے کوالالمپور کے لیے پی آئی اے کی براہ راست پروازیں شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ اسٹریٹیجک تعلقات مزید مضبوط اور مثالی بنانے کے لیے تھا۔ دونوں ممالک کے رہنماؤں میں بالمشافہ اور وفود کی سطح پر مثبت اور نتیجہ خیز بات چیت ہوئی۔ دونوں ممالک نے اعلیٰ سطح رابطے اور تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ دونوں ملک روایتی اور غیر روایتی شعبوں میں اقتصادی تعاون بڑھائیں گے اور تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ دورے کے دوران اسلام آباد میں چوتھے مشترکہ کمیشن کا اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ کمیشن اقتصادی، سائنسی اور فنی شعبے میں تعاون کے لیے پہلے سے قائم ہے۔

اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کوالالمپور سمٹ کے کامیاب انعقاد پر مہاتیر محمد کو مبارکباد دی، مہاتیر محمد نے عمران خان کی خطے میں امن کے لیے کوششوں کی تعریف کی۔ عمران خان نے منی لانڈرنگ کی روک تھام پر ملائیشیا کے تعاون کی بھی تعریف کی۔

دوسری جانب ملائیشین وزیر اعظم نے کرتار پور راہداری کھولنے کے اقدام کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے دنیا بھر میں مسلم اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششوں اور اسلامو فوبیا کے خلاف تعاون کے مزید فروغ پر اتفاق کیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے مہاتیر محمد کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی، مہاتیر محمد نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی۔ دورے کی تاریخوں کا اعلان بعد میں ہوگا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ ملائیشیا نے بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے وزیر اعظم عمران خان کے سفارتی کردار کی تعریف کی، جنوبی ایشیا میں امن یقینی بنانے میں وزیر اعظم پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا گیا اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف بھی کیا گیا۔ ملائیشیا کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف سفارشات پر عملدر آمد میں مثبت پیشرفت کی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں