بشکیک : وزیراعظم عمران خان اور کرغزستان صدر کی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان زمینی،فضائی رابطے بڑھانے کا فیصلہ اور سیاحت کےفروغ کیلئے دونوں ممالک میں ویزا شرائط نرم کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ وزیراعظم عمران خان کی کرغزستان کےصدرکودورہ پاکستان کی دعوت دی۔
تفصیلات کے مطابق بشکیک میں وزیراعظم عمران خان اور کرغزستان کے صدر سورون بے جین بیکوف کی ملاقات ہوئی، یہ ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی سائیڈلائن پر ہوئی۔
وزیراعظم نے میزبان صدر کو شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس منعقد کرانے پرمبارکباد پیش کی جبکہ کرغزستان کے صدر نے شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، پاکستان اور کرغزستان کے درمیان زمینی اور فضائی رابطے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ بین الوزارتی کمیشن بنانے اور سیاسی مشاورتی عمل کو تیز کرنے اور سیاحت کےفروغ کیلئے دونوں ممالک میں ویزا شرائط نرم کرنے پر اتفاق ہوا۔
وزیراعظم عمران خان کی کرغزستان کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔
مزید پڑھیں : وزیراعظم عمران خان کی روسی صدر سے غیررسمی ملاقات
یاد رہے گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک پہنچے تھے ، جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔
بشکک میں روسی میڈیا کوانٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے کشمیرکودونوں ممالک کے درمیان بنیادی تنازع قراردیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیرکا حل چاہتا ہے، بدقسمتی سے بھارت کی طرف سے پیشرفت نہیں ہوتی۔
عمران خان کا کہنا تھا بھارتی الیکشن سے قبل مذاکرات کے لئے کوششیں کیں تاہم بھارت میں پاکستان مخالف سیاسی مہم نے ان کوششوں کونقصان پہنچایا، مسائل مذاکرات سے حل کرنا ہوں گے۔
انھوں نے کہا تھامودی بھاری مینڈیٹ کےساتھ آئے ہیں چاہیں تو تعلقات بہتر اورخطے میں امن آسکتا ہے۔ نیٹ مسئلہ کشمیر کا حل صرف کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہئیے۔بھارت کو کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینا ہوگا۔