اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے قبائلی اضلاع کے سینیٹرز کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں سینیٹرز نے ٹیکس کی شرح کم کرنے کا مطالبہ کیا جس پر وزیر اعظم نے انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے قبائلی اضلاع کے سینیٹرز کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں قبائلی اضلاع کے سینیٹرز نے پھر وزیر اعظم کو اپنے مطالبات پیش کر دیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے قبائلی علاقوں کے ترقیاتی پروگرامز پر بریفنگ دی۔ ملاقات میں سینیٹرز نے مطالبہ کیا کہ فاٹا میں ٹیکس کی شرح کو ختم کیا جائے، ٹیکس لگانا ناگزیر ہے تو شرح 7 فیصد رکھی جائے۔
سینیٹرز نے شکوہ کیا کہ انضمام کے وقت ٹیکس نہ لگانے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی۔ انہوں نے تجویز دی کہ آہستہ آہستہ ٹیکس کی شرح کو بڑھایا جائے۔ قبائلی علاقوں میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح 17 فیصد ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے مشیر خزانہ سے رائے کے لیے وقت مانگ لیا، وزیر اعظم نے یقین دہانی کروائی کہ جلد اجلاس بلا کر مشاورت کی جائے گی۔
وزیر اعظم نے سینیٹرز کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ میں فاٹا کی عوام کے ساتھ یوں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بعد قبائلی علاقوں میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی پروگرامز شروع ہو جائیں گے۔