بیجنگ : ورلڈ بینک سی ای او نے پاکستان کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے کا وعدہ اور فنڈز کی فراہمی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا جبکہ وزیراعظم نے خطے میں اقتصادی استحکام کے لئے ورلڈ بینک کے کرادار کی تعریف کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ورلڈ بینک کی سی ای او سے ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، جس میں کہا گیا ملاقات بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے موقع پر ہوئی ، سی سی او ورلڈ بینک کو ملکی معیشت سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا وزیراعظم نے خطے میں اقتصادی استحکام کے لئے ورلڈ بینک کے کرادار کی تعریف کی اور کہا غربت میں خاتمے، روزگار کی فراہمی اور کاروبار میں آسانی کے لئے ورلڈ بینک کا کردار قابل تعریف ہے۔
وزیراعظم نے سماجی فلاح و بہبود کے حکومتی پروگرامز سے بھی آگاہ کیا اور سی ای او ورلڈ بینک کو سماجی ترقی کے نئے پروگرام احساس کا بھی بتایا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق سی ای او ورلڈ بینک نے پاکستان کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے کا وعدہ کرتے ہوئے پاکستان کو فنڈز کی فراہمی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں : پاکستان کو ورلڈ بینک سے 6 سے 8 ارب ڈالر قرض ملنے کا امکان
خیال رہے وزیراعظم عمران خان اور ورلڈبینک کی سی ای او کرسٹالینا جیورجیوا کی ملاقات دورہ چین کی سائیڈلائن ملاقاتوں کاحصہ ہے، پاکستان کو ورلڈ بینک سے تقریباً 6 سے 8 ارب ڈالر قرض ملنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
یاد رہے 24 اپریل کو حکومت نے آئی ایم ایف کے بعد ورلڈ بینک حکام سے رابطے کیا تھا اور وزیراعظم عمران خان کی ورلڈ بینک کے ی ای او سے ملاقات طے پائی تھی۔
واضح رہے گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان چین کےپانچ روزہ دورےپربیجنگ پہنچے تو بیجنگ میں چین کے اعلیٰ حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا، وزیراعظم چین کے صدر، نائب صدر اور وزیراعظم سےملاقات کریں گے، وزیر اعظم کے ہمراہ شیخ رشید، فیصل واوڈا، عبدالحفیظ شیخ، رزاق داؤد اور ڈاکٹر عطا الرحمٰن بھی ہیں۔
چین روانگی سے پہلے میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا دورے کا مقصد اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو نئی بلندیوں تک پہنچانا ہے، چین مضبوط اور دوست ہمسایہ ملک ہے، پاک چین دوستی کسی علاقائی، بین الاقوامی پیش رفت سےمتاثرنہیں ہوگی، چینی صدر سے دوطرفہ تعلقات پرتفصیلی تبادلہ خیال کروں گا۔