کراچی : وزیراعظم عمران خان نے کراچی سے منتخب ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کو بھی کلین کراچی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ماضی کی بد انتظامی نے شہر قائد کا روایتی حسن تباہ کیااور کراچی کے مکینوں کی زندگی کو اجیرن کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وزیر برائے بحری امور سید علی زیدی نے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی، جس میں وزیر بحری امور نے وزیراعظم کو کلین کراچی مہم کے تحت شہر قائد میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے کراچی جیسے بڑے اور اہم شہر میں کچرے کے لیے گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن کی کم تعداد کا نوٹس لیتے ہوئے ان کی تعداد کو ایک مربط حکمت عملی کے تحت بڑھانے اور کوڑا کرکٹ کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم نے کہاکہ کراچی ملک کا اقتصادی مرکز ہے، ماضی کی بد انتظامی نے شہر قائد کا روایتی حسن تباہ کیااور کراچی کے مکینوں کی زندگی کو اجیرن کر دیا ہے۔ اس صورت حال کا مکمل تدارک ضروری ہے ۔
عمران خان نے کراچی سے منتخب ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کو بھی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ہدایت کی۔
مزید پڑھیں : کراچی صاف کرنا ہے، میدان میں اتریں: وزیراعظم کی ایم این ایز کو ہدایت
یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں وزیر اعظم عمران خان نے ایم این ایز کو ہدایت کی تھی کہ کراچی صاف کرنا ہے، اس مقصد کے لیے میدان میں اتریں اور مہم کو اسے کامیاب بنائیں۔
واضح رہے کراچی کو کراچی بنانےکے مشن کے حوالے سے علی زیدی ان ایکشن نظر آئے اور انہوں نے وزیراعظم کی ہدایت پر صفائی کا بیڑا اٹھانے کا اعلان کیا تھا۔