اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات فیز2 کیلئے خود ٹکٹ دینے کا فیصلہ کرلیا ، وزیر اعلٰی کے پی محمود خان منتخب ناموں کی فہرست وزیر اعظم عمران خان کو دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات فیز2 کے حوالے سے اہم فیصلے کرلئے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئےایم پی ایز ،عہدیداران 3،3 نام تجویز کریں گے۔
وزیر اعلٰی کے پی محمود خان منتخب ناموں کی فہرست وزیر اعظم عمران خان کو دیں گے ، جس کے بعد بلدیاتی انتخابات کے ٹکٹ کا فیصلہ خود وزیراعظم عمران خان کریں گے۔
وزیراعلیٰ کے پی نے پی ایز کو ہدایت دی ہے کہ پہلےفیزکی غلطیوں سےسیکھ کردوسرے فیز میں نہ دہرائی جائیں، عوام کے ان مسائل کا سدباب ہونا چاہے۔
یاد رہے پہلے مرحلے میں خیبرپختون خواہ کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں وفاقی اور صوبائی حکومتی جماعت تحریک انصاف کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ جمعیت علما اسلام پاکستان (فضل الرحمان گروپ) نے حیران کن نتائج دئیے۔
الیکشن میں ہونے والی شکست کے بعد وزیراعظم عمران خان نے گورنر خیبرپختون خواہ سے رپورٹ بھی طلب کی تھی جبکہ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کی نگرانی خود کرنے اور امیدوار کے معاملے میں کارکنان کے تحفظ دور کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔