لاہور: وزیر اعظم عمران خان صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور پہنچ گئے جہاں ان کی اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے ہیں، وزیر اعظم سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی جس میں صوبہ پنجاب کی مجموعی صورتحال، عوام کو سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی امور کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم عمران خان سے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ملاقات ۔
صوبہ پنجاب کی مجموعی صورتحال، عوام الناس کو سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی امور کے حوالے سے گفتگو ۔ pic.twitter.com/lxs1XLl942
— PTI (@PTIofficial) January 26, 2020
وزیر اعظم گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے بھی ملاقات کریں گے۔
وزیر اعظم ہربنس پورہ میں وزیر اعظم ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح کریں گے، افتتاح کے بعد وہ ایوان وزیر اعلیٰ میں اجلاسوں کی صدارت بھی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے پنجاب کے ارکان قومی اسمبلی کو ملکی صورتحال پر اعتماد میں لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے، وزیر اعظم نے تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں وہ ارکان صوبائی اسمبلی سے ملاقات کریں گے۔
وزیر اعظم سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی الگ سے ملاقات ہوگی، یاسمین راشد حکومت پنجاب کے صحت کے شعبے میں اقدامات سے وزیر اعظم کو آگاہ کریں گی۔
وزیر اعظم کو گزشتہ حکومت کے منصوبوں پر پیشرفت سے متعلق بھی بریف کیا جائے گا جبکہ کرونا وائرس کی روک تھام سے متعلق بھی وزیر اعظم سے بات چیت کی جائے گی۔