اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ سے ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا کہ ہمارے نمبرز پورے ہیں ، اپوزیشن کو شکست دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی بنی گالا میں گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ون آن ون ملاقات ہوئی، جس میں تحریکِ عدم اعتماد اور ڈی چوک پر جلسے کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گزشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان سے ہونے والی ملاقات پر وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارے نمبرز پورے ہیں، اپوزیشن کو شکست دیں گے، جس پر گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ڈی چوک جلسے کے انتظامات مکمل ہیں ، کارکنان اور عوام بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔
یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس میں کہا تھا کہ ہماری تمام تیاریاں مکمل ہیں، عدم اعتماد سےکوئی پریشانی نہیں صورتحال اطمینان بخش ہے۔
عمران خان نے اتحادیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا اتحادی کہیں نہیں جا رہے ہمارے ساتھ ہیں، ڈی چوک پر انسانوں کا سمندر ہو گا۔
اس سے قبل وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو عوام کی نہیں کرپشن کے مقدمات کی فکر ہے۔
خیال رہے حکومت نے اوآئی سی اجلاس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 29 مارچ کو کرانے کا امکان ہے۔