اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے میڈیا ہاؤسز کو اشتہارات کا اجرا، ورکرز کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی سے مشروط کرنے کے لیے وزارت اطلاعات کو ہدایات جاری کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے لیے اہم ہدایت جاری کردی ہے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ میڈیا ہاؤسز کو اشتہارات کا اجرا ورکرز کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی سے مشروط کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا ورکرز کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کردی، وزیر اعظم کی جانب سے مذکورہ ہدایات وزارت اطلاعات کو بھجوا دی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ایک موقع پر معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا تھا کہ میڈیا ورکرز کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، ایک طویل مدتی پالیسی کو از سر نو ترتیب دینے کا وقت آگیا ہے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ میڈیا تنظیموں اور مالکان سے مل کر تنخواہوں کا مسئلہ حل کروائیں گے۔