اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے ایرانی وزیر صنعت و تجارت کی ملاقات ہوئی، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ برادرانہ تعلقات تاریخی، ثقافتی اور مذہبی ورثے سے جڑے ہیں۔ باہمی تجارت اور اکنامک تعاون کا فروغ ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے ایرانی وزیر صنعت و تجارت رضا رحمانی کی وفد کے ہمراہ ملاقات ہوئی۔ ایرانی وفد میں ایرانی سفیر، ارکان اسمبلی اور وزرا بھی شامل تھے۔ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ایرانی وفد کا پر تپاک استقبال کیا گیا۔
ملاقات میں پاک ایران دو طرفہ تعلقات اور تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی وفد کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے دورے نے تعلقات کو مضبوط کیا ہے، تجارت کے فروغ کے لیے نئی راہیں ہموار ہو رہی ہیں۔
ایرانی وفد نے دونوں ممالک میں قائم مشترکہ ٹریڈ کمیٹی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وفد کا کہنا تھا کہ کمیٹی تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹیں ختم کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ برادرانہ تعلقات تاریخی، ثقافتی اور مذہبی ورثے سے جڑے ہیں۔ باہمی تجارت اور اکنامک تعاون کا فروغ ضروری ہے۔
وزیر اعظم نے پاک ایران بارڈر پر اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوامی سطح پر رابطے اور تعلقات کی مضبوطی کے لیے کوششیں کریں گے۔
Prime Minister Imran Khan received Iranian Minister for Industry, Mines & Trade Mr. Reza Rehmani at PM’s office today. Pak-Iran bilateral relations & progress being made towards optimally realizing the trade potential b/w the two countries were discussed during the meeting. pic.twitter.com/zhx7bIhPoI
— Govt of Pakistan (@pid_gov) July 5, 2019
خیال رہے کہ ایک ماہ قبل ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے پاکستان کا دورہ بھی کیا تھا۔ وزیر اعظم عمران خان سے ان کی ملاقات میں پاک ایران دو طرفہ تعلقات پر بات چیت ہوئی تھی۔
اس موقع پر ایران اور پاکستان کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے تھے۔ مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ایرانی وفد کی قیادت ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کی تھی۔
دوران مذاکرات باہمی تعلقات اور علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ مذاکرات میں دورہ ایران میں طے پانے والے فیصلوں پر عملدر آمد پر اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا تھا۔