اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان کا اسلام آباد میں فقید المثال استقبال کیا جائے گا، یہ ہے نیا پاکستان جس کی طرف آج پوری دنیادیکھ رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہدکی پاکستان آمد پر وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا ، اجلاس میں کورکمانڈرراولپنڈی سمیت وزیر اطلاعات فواد چوہدری ،وزیرپٹرولیم غلام سرورخان ، مشیر تجارت رزاق داؤد،سیکریٹری خارجہ اور سیکریٹری اطلاعات بھی شریک ہوئے جبکہ ڈی جی آئی ایس پی آرمیجرجنرل آصف غفور نے بھی اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔
اجلاس میں سعودی ولی عہدمحمدبن سلمان کی آمدپر حکومتی انتظامات پروزیراعظم کوبریفنگ دی گئی اور تیاریوں کاجائزہ لیا گیا جبکہ سیکیورٹی انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
اعلیٰ سطح اجلاس میں سعودی عرب کےساتھ ہونیوالے معاہدوں کو حتمی شکل دیدی گئی۔
وزیراعظم نے معزز مہمانوں کیلئے کئے جانیوالے انتظامات کا خود جائزہ لیا اور کہا سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان کا اسلام آباد میں فقید المثال استقبال کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا آج کا پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کیلئے بہترین مواقع فراہم کر رہا ہے، سرمایہ کاری اور کاروبار کے فروغ کے لیے ہر ممکنہ سہولت فراہم کی جائے گی ، آسان ویزہ اور کاروبار کیلئے تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے لیے اپنا بھرپور کردار جاری رکھے گا، یہ ہے نیا پاکستان جس کی طرف آج پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔
مزید پڑھیں : سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کل پاکستان پہنچیں گے
یاد رہے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان دو روزہ سرکاری دورے پر کل پاکستان پہنچیں گے، اپنے دورے کے دوران سعودی ولی عہد صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقات کریں گے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان آمد پر وزیر اعظم عمران خان اور کابینہ کے اراکین استقبال کریں گے، وزیر اعظم ہاؤس آمد پر ولی عہد کو گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا ، جہاں عمران خان اور شہزادہ محمد بن سلمان کی ون آن ون ملاقات بھی ہوگی جبکہ مہمانوں کو ظہرانہ بھی دیا جائےگا۔
محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان میں آئل ریفائنری سمیت بیس ارب کے معاہدے متوقع ہیں۔