لاہور : ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان گورنر پنجاب کو عدم اعتماد کی ووٹنگ تک عثمان بزدار کے استعفے کی منظوری سے روک سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں حکومت سازی کے معاملے پر عثمان بزدار کا استعفیٰ تاحال منظور نہیں ہوا، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کے استعفے کی منظوری سے پنجاب کابینہ تحلیل ہوجائیں گی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم گورنر پنجاب کو استعفے کی منظوری سے روک سکتے ہیں ، وزیراعلیٰ کا استعفیٰ اتوار کو عدم اعتماد تک کی ووٹنگ تک روکا جاسکتا ہے۔
اس سلسلے میں وزیراعظم گورنراور وزیراعلیٰ پنجاب کی مشاورت سے حتمی فیصلہ کریں گے۔
اس سے قبل گورنرہاؤس نے وزیراعلیٰ پنجاب کا استعفیٰ منظور کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ گورنرپنجاب نے وزیراعلیٰ کا استعفیٰ ابھی تک منظور نہیں کیا۔
یاد رہے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے تیس مارچ کو بطور وزیراعلیٰ پنجاب استعفیٰ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو بھیجا گیا تھا۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب نے تیس مارچ کو اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے اہم ترین ملاقات کی تھی، جس میں انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم کو دیا تھا۔
بعد ازاں وزیراعظم عمران خان اور اسپیکر پنجاب اسمبلی اور ق لیگ کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی کی ملاقات ہوئی تھی، جس میں وزیراعظم نے پرویز الہٰی کو نیا وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کرنے کا اعلان کیا تھا۔