اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاؤن سے متعلق حتمی فیصلے کے لئے نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس کل طلب کر لیا، جس میں ملک بھر میں ٹرانسپورٹ کی بندش سمیت اہم معاملات پر غور ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاق اور صوبوں کے درمیان لاک ڈاؤن کے معاملے پر جاری بحث پر حتمی فیصلے کے لئے قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل طلب کر لیا۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ کل نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں اپنی تجاویز رکھیں گے، ٹرانسپورٹ اگر بند کردی گئی تودوہفتے بعد اس کے ملک پرکیا اثرات ہوں گےاس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
عمران خان نے کہا تھا کہ کورونا کےباعث کرفیو لگانا ہے تو ہمیں گھروں تک کھاناپہنچاناپڑےگا، لوگوں کو گھروں تک کھانا پہنچانے کیلئے والنٹیئرز پروگرام لائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا کہ اگرہمیں لاک ڈاؤن سے آگے کرفیو پر جانا ہےتو سوچنا پڑےگا، پورے ملک میں کرفیو لگاناپڑے تو ہماری کم از کم تیاری ضروری ہے، کوئی حکومت اکیلی نہیں بلکہ قوم مل کر کوروناکی جنگ لڑ سکتی ہے ، میں چاہتاہوں ہم سب ملکر کورونا کی جنگ کو جیتیں۔
خیال ہے پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے ، اور متاثر افراد کی تعداد 1000 تک جا پہنچی ہے ، جبکہ 8 افراد ابھی تک کورونا وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں۔
کورونا کے بڑھتے ہوئے خطرات کو روکنے کے لئے ملک کے چاروں صوبوں میں لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔