اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان عالمی اقتصادی فورم (ورلڈ اکنامک فورم) میں شرکت کے لیے کل سوئٹزرلینڈ کے قصبے ڈیووس روانہ ہوں گے۔ مشیر تجارت رزاق داؤد اور معاون خصوصی زلفی بخاری سمیت دیگر حکام ان کے ساتھ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کے لیے 3 روزہ دورے پر کل سوئٹزرلینڈ کے قصبے ڈیووس روانہ ہوں گے، وزیر اعظم کے دورے کے ایجنڈے اور ملاقاتوں کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی گئی۔
ذرائع کے مطابق مشیر تجارت رزاق داؤد اور معاون خصوصی زلفی بخاری سمیت دیگر حکام ساتھ ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ورلڈ اکنامک فورم کے کلیدی مقررین میں سے ہوں گے، وزیر اعظم پاکستان میں سرمایہ کاری، کاروباری مواقعوں اور پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے بھی آگاہ کریں گے۔
وزیر اعظم عالمی رہنماؤں اور کاروباری شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ وزیر اعظم 23 جنوری کو وطن واپس آئیں گے، ان کے بیرون ملک ہونے کے باعث کل کابینہ اجلاس نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان ممکنہ طور پر رواں ماہ کے آخر میں ملائیشیا کا بھی دورہ کریں گے جہاں ان کی ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے ملاقات ہوگی۔