اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان آج پنجاب اسمبلی کے منحرف لیگی اراکین سے ملاقات کریں گے ، جس میں ممبران وزیراعظم کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے پنجاب اسمبلی کے منحرف لیگی اراکین کی ملاقات طے پاگئی ، ملاقات وزیر اعظم ہاؤس میں دوپہر 2بجےہوگی۔
منحرف لیگی اراکین میں ایم پی اے چوہدری اشرف علی، جلیل شرقپوری، غیاث الدین، اظہرعباس شامل ہیں۔
منحرف ممبران اسمبلی کی نامزد وزیراعلیٰ پرویز الٰہی سے ملاقات بھی متوقع ہے ، ملاقات میں منحرف ممبران وزیراعظم اور نامزد وزیراعلیٰ کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائیں گے۔
ایم پی اےاشرف انصاری نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن کے مزید اراکین پنجاب اسمبلی بھی ساتھ ہوں گے تاہم ن لیگ کے باغی اراکین کے نام ابھی نہیں بتائیں گے۔
گذشتہ روز ن لیگ کے منحرف ارکان صوبائی اسمبلی نے پرویز الٰہی کی حمایت کا اعلان کیا تھا، اشرف انصاری کا کہنا تھا کہ پرویزالٰہی کوبطوروزیراعلیٰ پنجاب ووٹ دیں گے ہمارے گروپ کے ارکان کی تعداد7ہے اور پرویزالٰہی کومزید15ن لیگی ارکان ووٹ دیں گے۔
یاد رہے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم کو پیش کیا تھا اور وزیراعظم نے چوہدری پرویز الہیٰ کو پنجاب کا وزیراعلیٰ نامزد کردیا تھا۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے ٹوئٹ میں لکھا کہ پرویزالہیٰ کی وزیراعظم سے ملاقات میں تمام معاملات طے پاگئے ہیں اور وزیراعظم نے چوہدری پرویز الہیٰ کو پنجاب کا وزیراعلیٰ نامزد کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔