اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان گیارہ جولائی کو کراچی کا دورہ کریں گے، دورہ کراچی میں وزیراعظم معاشی ٹیم کے ہمراہ کاروباری طبقے سے بھی ملاقات کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اسلام آباد میں ملاقات کی، ملاقات میں گورنر سندھ نے کے فور سمیت سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات پیش کیں۔
گورنر سندھ نے وزیر اعظم پاکستان کو 11جولائی کو کراچی دورے کی دعوت دی، وزیر اعظم نے دعوت قبول کرتے ہوئے اس بات کا اظہار کیا کہ وہ دورہ کراچی کے دوران معاشی ٹیم کے ہمراہ کاروباری حضرات سے بھی ملاقات کریں گے۔
یاد رہے گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ مشکل فیصلوں کا مقصد معیشت کی سمت درست کرنا ہے، معاشی صورت حال مدنظر رکھ کر حکومت نے مشکل فیصلے کیے۔
مزید پڑھیں : مشکل فیصلوں کا مقصد معیشت کی سمت درست کرنا ہے، وزیراعظم
عمران خان کا کہنا تھا ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنا ہے، کاروباری برادری کے تحفظات کا مکمل ادراک ہے، کاروباری برادری سمیت دیگر معاشی ترقی میں حصہ دار بنیں۔
انھوں نے کہا تھا ایف بی آر میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، عمران خان نے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی سمیت معاشی ٹیم کو کاروباری تنظیموں سے ملاقات کرکے معاشی و ٹیکس نظام میں اصلاحات سے آگاہ کرنے کی ہدایت کردی۔