تازہ ترین

وزیراعظم آج نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا دورہ کریں گے

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آج نیشنل کمانڈاینڈآپریشن سینٹر کا دورہ کریں گے ، فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ سول وعسکری قیادت عوام کو کورونا سے محفوظ رکھنے کیلئے پُرعزم ہے۔

تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ وزیراعظم آج نیشنل کمانڈاینڈآپریشن سینٹر کا دورہ کریں گے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سول وعسکری قیادت عوام کو کورونا سے محفوظ رکھنے کیلئے پُرعزم ہے، ایک قوم بن کر اس مہلک وائرس کا مقابلہ کرنا ہے۔

گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی اجلاس میں سی پیک منصوبوں پرکام اور کل سے تعمیراتی انڈسٹری کھولنے کافیصلہ کیا گیا۔

خیال رہے وزیراعظم آج انڈسٹری سے متعلق پیکج کااعلان کریں گے، عمران خان کا کہنا تھا کہ غریب کے گھر کا چولہا جلے اس لیےکل تعمیراتی انڈسٹری کھول رہےہیں، مزدوروں کا روزگار انڈسٹری سے وابسطہ ہے، مزدورطبقہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

یاد رہے چند روز قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنل سینٹر کا دورہ کیا تھا ، اس موقع پر آرمی چیف نے کہا تھا کہ عوام کےتحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائے گئے ہیں، ہم کسی طبقہ فکر کواس وبا میں تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کےجوان ملک کے کونے کونےمیں شہریوں تک پہنچیں، وبا سے بچاؤ اور مشکل کی گھڑی میں مدد کیلئےہر شہری تک پہنچیں گے۔

جنرل قمر جاوید نے واضح کہا کہ عوام کے کسی بھی حصےکو وبا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے، قومی مربوط کوشش سے ان خطرات پر قابو پاسکتے ہیں، طےکردہ اقدامات بروقت کر لیے گئے تو پورا معاشرہ محفوظ رہےگا اس لیے ہمیں بلاتفریق رنگ ونسل ایک قوم بن کر اس وبا سے لڑنا ہے۔

Comments

- Advertisement -