تازہ ترین

وزیراعظم آج قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لیں گے، پی ڈی ایم منظرِعام سے غائب

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان آج قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لیں گے تاہم پی ڈی ایم منظرِ عام سے غائب ہوگئی تاہم ارکان اسمبلی کی پارلیمنٹ ہاؤس آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس سوابارہ بجے شروع ہوگا، اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وزیراعظم پراعتماد کے ووٹ کی قرارداد پیش کریں گے ، جس میں کہا جائے گا ایوان آرٹیکل 7/91 کے تحت وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کا اظہار کرتا ہے۔

اجلاس حکومت اور اتحادی جماعتوں کے تمام ارکان کی جانب سے وزیراعظم پراعتماد کے اظہار کیلئے بلایا گیا ہے۔

دوسری جانب قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے پی ٹی آئی ارکان کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ، خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے ارکان عمران خٹک، سلیم رحمان، ساجد مہمند، محبوب شاہ اور ساجدہ بیگم پہنچ گئے جبکہ عامر کیانی اورچکوال سے فوزیہ بہرام بھی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچیں۔

عمران خٹک کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کا ساتھ دیں گے، عمران خان کی وجہ سے ہی ہمیں عوام نے ووٹ دیا ہے،آج کرپٹ ٹولے کو بتائیں گے، کپتان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

یاد رہے صدرمملکت کی جانب سے بلائے گئے اجلاس کے لیے پی ٹی آئی نے حکمت عملی طے کرلی، ذرائع کے مطابق ارکان کو اجلاس کے وقت سے پہلے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے، پی ٹی آئی اوراتحادی ارکان لابی میں اکٹھے ہوں گے، ارکان کے اعزاز میں ناشتے کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان ڈیموکریٹک موؤمنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل جماعتوں نےاپنے اراکین قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت سے روک دیا ہے تاہم ایوان میں اپوزیشن ارکان آئیں یا نہ آئیں، کوئی فرق نہیں پڑتا۔

خیال رہے وزیراعظم نے سینیٹ الیکشن میں اسلام آباد کی جنرل نشست ہارنے کے بعد قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔

Comments

- Advertisement -