فیصل آباد: صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے فیصل آباد ایئر پورٹ توسیعی منصوبے کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے منصوبوں کی فہرست نہ ختم ہونے والی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے فیصل آباد ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کا افتتاح کردیا۔ وزیر اعظم نے بین الاقوامی ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد کے ہوائی اڈے پر ہفتے میں 118 پروازیں آتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ہوائی اڈے کے توسیعی منصوبے کی تکمیل پر خوشی ہے۔ منصوبہ مقررہ مدت اور کم لاگت میں تعمیر ہوا۔ ’حکومت سنبھالی تو فیصل آباد ہوائی اڈے کی سہولت نہ ہونے کے برابر تھی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ فیصل آباد ہوائی اڈے میں پروازوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوگا۔ نواز شریف کے وژن کے مطابق ملک میں ترقی کا عمل جاری ہے۔ ہوائی اڈوں میں توسیع کا کام شروع کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہوا بازی کا شعبہ جدید معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ فیصل آباد میں نجی شعبے میں ہوائی اڈہ ایک بہترین منصوبہ ہوگا۔ یقین ہے سول ایوی ایشن انڈسٹری کا لیڈر بنے گا۔