گلگت: وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے عطا آباد کے علاقے میں شاہراہ قراقرم پرپاک چین دوستی سرنگوں سمیت کئی اہم منصوبوں کا افتتاح کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف آج صبح گلگت بلتستان پہنچے اور وہاں انہوں نے شاہراہ قراقرم کے 24 کلومیٹر حصے کی تعمیرِنو منصوبے کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ نیت نیک ہوگی تو بگڑے ہوئے کام سنور جائیں گے۔
پاک چین دوستی سرنگوں کا یہ منصوبہ 24 کلومیٹر پر مشتمل ہے اور قراقرم ہائی وے کا ہی ایک حصہ ہے، اس میں 5 سرنگیں جن کی کل لمبائی 7 کلومیٹر ہے جبکہ 2 پل اور 78 پلیائیں شامل ہیں۔
سال 2010 میں ایک بڑے لینڈ سلائیڈ کے نتیجے میں دریائے ہنزہ کے بہاوٗ کا راستہ بند ہوگیا تھا اورعطاء آباد جھیل وجود میں آئی تھی، اسی لینڈ سلائیڈ کے نتیجے میں پاک چین دوستی ٹنلز کا بڑا حصہ متاثرہوا تھا ۔
مذکورہ منصوبے کو 3 سال کے عرصے میں 27 ارب روپے خرچ کرکے مکمل کیا گیا ہے جو کہ گلگت بلتستان کے کل ترقیاتی بجٹ سے 3 گنا زیادہ ہے اور اس کی تکمیل سے وادیٗ گوجل کا رابطہ باقی ماندہ گلگت بلتستان سے استوار ہوجائے گا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمن اور گورنرگلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہراوردیگرحکومتی شخصیات موجود تھیں۔
منصوبے کے افتتاح کے بعد وزیراعظم نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور دیگر وزراء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام تر کام انتہائی ایمانداری کے ساتھ ہونا چاہیئے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ دیانت داری کے ساتھ قوم کا ایک ایک پیسہ خرچ کرنا چاہیئے اور صرف یہاں نہیں بلکہ پورے ملک میں ایسا ہی ہونا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے جو مطالبے کئے ہیں جن میں نلتر شاہراہ ، یونیورسٹی اور ادارہ برائے امراض قلب شامل ہیں ان میں بھی وفاقی حکومت پورا تعاون کرے گی۔