منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

سٹیزن پورٹل کی شکایات کے حوالے سے وزیر اعظم کی خصوصی ہدایات

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم سٹیزن پورٹل پر درج کروائی جانے والی شکایات کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے خصوصی ہدایات جاری کردی، وزیر اعظم آفس نے تمام وفاقی اور صوبائی اداروں کو خط لکھ دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم سٹیزن پورٹل کے حوالے سے وزیر اعظم آفس کو شکایت موصول ہوئی کہ غیر مجاز اہلکار شہریوں کی شکایات کو بغیر حل کیے نمٹا رہے ہیں جس کے بعد مذکورہ شکایات کے ازالے سے متعلق احتساب شروع کردیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے شہریوں کی شکایات کا حل مجاز افسران کے حتمی فیصلے سے مشروط کردیا۔ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ماتحت افسران، شہری کی شکایت کو بغیر نتیجہ نمٹا نہیں سکتے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کوئی بھی شکایت نمٹانے سے قبل مجاز افسر کی اجازت ضروری ہوگی، شہریوں کی شکایات کے حل میں کوتاہی قبول نہیں۔ شہریوں کی شکایات کو حل یا ختم کرنے کا فیصلہ مجاز افسر ہی کرے گا۔

وزیر اعظم کی ہدایت کے بعد وزیر اعظم آفس کی جانب سے تمام وفاقی اور صوبائی اداروں کو خط لکھ دیا گیا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ شہری کی شکایات سے متعلق غلط بیانی یا کوتاہی کا ذمہ دار ادارے کا مجاز افسر ہوگا۔ غیر مجاز افسران کی شہریوں کی شکایات کے حل کی رپورٹ بدنیتی یا غفلت تصور ہوگی۔

اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں ایک رپورٹ جاری کی گئی تھی جس میں بتایا گیا کہ پورٹل پر آنے والی شکایات کے حل میں سندھ حکومت سب سے پیچھے رہی۔

رپورٹ کے مطابق شہریوں کی شکایات کے حل میں وفاقی حکومت کے ادارے سر فہرست رہے، وفاقی وزارتوں اور اداروں نے 5 لاکھ 9 ہزار 153 سے زائد شکایات حل کیں، وفاقی اداروں کی جانب سے 92 فیصد شکایات حل کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق شہریوں کی شکایات کے حل سے متعلق سندھ حکومت سب سے پیچھے رہی، سندھ کے صوبائی محکمے صرف 40 فیصد شکایات حل کر سکے، 37 ہزار میں سے 84 فیصد زیر التوا شکایات سندھ حکومت کی ہیں۔

اسی طرح خیبر پختونخواہ حکومت نے 87 فیصد اور پنجاب نے 88 فیصد شکایات حل کیں، بلوچستان نے 79 فیصد جب کہ گلگت بلتستان کی حکومت نے 74 فیصد شکایات حل کیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں