اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے پارلیمنٹ میں ہونے والی اہم قانون سازی کے معاملے پر آج اتحادی جماعتوں کے ارکان کو عشائیہ پر مدعو کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے پارلیمنٹ میں رواں ہفتے اہم قانون سازی کے معاملے پر آج اتحادی جماعتوں کے ارکان کو عشائیہ پر مدعو کرلیا۔
حکومتی ذرائع نے بتایا کہ عشائیہ وزیراعظم ہاؤس میں شام ساڑھے سات بجے ہوگا، جےیوآئی ف کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے تاہم جےیوآئی نے اب تک شرکت کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ملکی معاشی صورت حال اور مجوزہ قانون سازی پرارکان کواعتماد میں لیں گے، حکومت ججوں کی تعداد بڑھانے سمیت آئینی اصلاحاتی پیکج بھی لانا چاہتی ہے
واضح رہے کہ حال ہی میں سپریم کورٹ کے ججوں کی تعداد بڑھانے کے بل قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پیش کیے گئے تھے۔
آزاد سینیٹر عبدالقادر نے سپریم کورٹ کے ججوں کی تعداد 21 تک بڑھانے کے لیے ’سپریم کورٹ (ججوں کی تعداد) ترمیمی بل 2024‘ ایوان بالا میں پیش کیا۔
مسلم لیگ (ن) کے رکن پارلیمنٹ دانیال چوہدری کی جانب سے ایوان زیریں میں پیش کیا گیا، جس میں عدالت عظمیٰ میں ججوں کی تعداد 23 تک بڑھانے کا مطالبہ کیا گیا۔
دونوں بلوں میں عدالت عظمیٰ میں ججوں کی تعداد بڑھانے پر زور دیا گیا تاکہ مقدمات کے ایک اہم بیکلاگ سے نمٹا جا سکے۔