کراچی: وزیراعظم نواز شریف نے وفاق اور سندھ کے مابین جاری تنازعے کے حل کے لئے وزیراعلیٰ سندھ کو اسلام آباد آنے کی دعوت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق آج صبح کراچی میں وزیراعظم نواز شریف اوروزیراعلیٰ سندھ کے درمیان کراچی ایئرپورٹ پرمختصرملاقات ہوئی۔
وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ وزیراعظم کی کراچی آمد کے موقع پر ان کے استقبال کے لئے ایئرپورٹ پہنچے جہاں وزیراعظم نواز شریف نے قائم علی شاہ کو وفاق اورسندھ کے درمیان جاری تنازعے کے حل کے لئے اسلام آباد آنے کی دعوت دی۔
وفاق اورسندھ کی صوبائی حکومت کے درمیان رینجرزکے اختیارات کے معاملے پر کشمکش جاری ہے۔ وفاقی حکومت سندھ کی جانب سے رینجرز کو ودیعت کردہ اختیارات کو ناکافی سمجھتی ہے تو دوسری جانب سندھ وفاق کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکشن کو صوبائی خود مختاری پرحملہ تصورکررہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ آئندہ ایک سے دو روز میں وزیراعظم کی ہدایت پر اسلام آباد جائیں گے۔
وزیراعظم کراچی میں امن و امان سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کریں گے۔