کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ایک بار پھراپنی اعلیٰ روایات کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا بھر بالخصوص کینیڈا میں رہنے والے مسلمانوں کو رمضان کی مبارک باد دینے کے لیے خصوصی ویڈیو جاری کردی، ان کا کہنا تھا کہ کینیڈا میں مقیم مسلمانوں کا ملک کی ترقی میں اہم کردار ہے۔
ویڈیو کے آغاز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کینڈین وزیراعظم مسلمانوں کے روایتی انداز میں سلام کرتے ہیں اور اس کے بعد کہتے ہیں کہ دنیا بھر میں پھیلے ہوئے مسلمانوں کو بالخصوص وہ جو کینیڈا میں رہتے ہیں انہیں رمضان کامقدس مہینہ مبارک ہو۔
انہوں نے اس خصوصی پیغام میں مزید کہا کہ اس با برکت مہینے میں یہا ں اہلِ خانہ اور دوست احباب مساجد اور گھروں میں اکھٹے ہوتے ہیں ، دن بھرکے روزے کے بعد ایک ساتھ افطار کرکے عبادت کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ رمضان عبادت اور روحانی غور وفکر کا مہینہ ہے، جب ہمیں موقع ملتا ہے کہ ہم رحم دلی، شکر گزاری اور سخاوت جیسے عظیم رویوں کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم سب کے لیے رمضان ہمارے عمل کی بہتری کا نام ہے اور ہمارے لیے اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے رحمت ہے۔
رمضان مسلمانوں کا مقدس مہینہ ہے جس میں غروبِ آفتاب کے بعد افطار کرتے ہیں۔ اسلام میں صدقات کو بھی بے پناہ اہمیت حاصل ہے اور رمضان میں اس کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے جب مسلمان فلاحی سرگرمیاں بڑھادیتے ہیں۔
جسٹن ٹروڈو کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہاں کینیڈ امیں ہمیں موقع میسر ہے کہ ہم مسلم برادری کے ساتھ ر مضان منا سکیں۔یہاں موجود مسلمانوں کا ملک جی ترقی میں روزافزوں کردار ہے۔ میں اپنے خاندان کی جانب سے ، صوفی اورمیری جانب سے وہ تمام لوگ جو رمضان کا اہتمام کررہے ہیں انہیں ایک پر امن اور با برکت رمضان مبارک ہو۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں