جمعرات, مارچ 13, 2025
اشتہار

احتساب عدالت سے ہمیں کسی انصاف کی توقع نہیں، وزیراعظم خاقان عباسی

اشتہار

حیرت انگیز

سرگودھا : وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چیف جسٹس سے ملاقات عوامی مسائل کے حل کیلئے کی، مخالفین کو ملاقات سے بہت تکلیف ہورہی ہے، نیب کی عدالت سے ہمیں کسی انصاف کی توقع نہیں، جو سینیٹر پیسہ دے کر ایوان میں آئے ان کا ضمیر بھی ملامت کرتا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھا میں ایک بہت بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سرگودھا کیلئے گیس فراہمی کے دو منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر اجتماع سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کےحل کیلئے نہ پرویز مشرف اور نہ ہی آصف زرداری نے کوئی کام کیا، پچھلے ادوار میں بجلی گھر بنے اور نہ ہی ڈیم بنائے گئے، سردیوں میں گیس نہیں ہوتی تھی، کارخانے بند تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مخالفین کو تکلیف ہے کہ میں نے چیف جسٹس سے ملاقات کی، معلوم نہیں مخالفین کو  اس ملاقات سے کیوں تکلیف ہورہی ہے،  میں عوام کی مشکلات کو دور کرنے کیلئے چیف جسٹس سے ملاتھا، مخالفین نے کہا کہ ملاقات تو ٹھیک ہے پر اس کی ٹائمنگ ٹھیک نہیں، یہ بہت مضحکہ خیز بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس سے کوئی ذاتی بات نہیں کی صرف پاکستان کی بات کی، ہم کمروں میں بیٹھ جائیں بات نہ کریں تو ملک کیسے چلے گا، میں اس ملک کا فریادی بن کر چیف جسٹس کے پاس گیا تھا، میرے گواہ چیف جسٹس صاحب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صرف سرگودھا میں11ارب روپے کے گیس منصوبوں پر کام ہورہا ہے، جہاں جائیں گے ترقیاتی کام ن لیگ اور نوازشریف کے ہی ملیں گے، جب ہماری حکومت آئی تو مسائل آپ کے سامنے تھے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ جب وزیر پیٹرولیم بنا تو میاں صاحب نے کہا کہ سب سے پہلے گیس کا بندوبست کریں، جو منصوبہ بن رہا ہے اس کے بعد سرگودھا میں کبھی گیس کی کمی نہیں ہوگی، منصوبے کے بعد سرگودھا میں اب تین گنا گیس زیادہ آیا کرے گی، گیس کا کام دیکھ لیں، سڑکیں دیکھ لیں اسپتال اور اسکول کالج دیکھ لیں، پاکستان میں کہیں بھی جائیں کام ن لیگ اور نوازشریف کے ہی نظر آئیں گے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی سے متعلق فیصلے پر ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف پر جو الزامات لگائے گئے ان کی کوئی حقیقت نہیں، عدالت کا حکم آیا نواز شریف نے سیاہی خشک ہونے سے پہلے عہدہ چھوڑدیا، الزامات ایسے لگائے جاتے ہیں جن کا کوئی وجود نہیں ہوتا، تاریخ فیصلے کو کس طرح دیکھتی ہے یہ بھی وقت بتادے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ نیب کی عدالت سے ہمیں کسی انصاف کی توقع نہیں ،ایک اقامےکی بات جس کا نہ کوئی ثبوت ہے پھر بھی فارغ کردیا،5سال میں کبھی دھرنے ہوئے تو کبھی عدالتوں میں گھسیٹا گیا، ن لیگ کے ان5سالوں کا پچھلے65سالوں سے مقابلہ کرتا ہوں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 10400میگاواٹ بجلی ن لیگ کی حکومت لائی ان کے اثرات 20سال تک نظرآئیں گے، جب حکومت میں آئے تو بجلی کی لوڈشیڈنگ ہمارے لئے بڑا چیلنج تھا، ملک میں12،12 اور 16،16گھنٹےکی لوڈشیڈنگ ختم ہوچکی ہے، آج وہ لوگ تقریریں کررہےہیں جنہوں نے یہ مسائل پیداکئے، سندھ ، کےپی، بلوچستان میں ہر شخص یہی کہتا ہے کہ کام صرف پنجاب حکومت نے کیا ہے، کسی وزیراعلیٰ نے کام کیا ہے تو وہ شہبازشریف ہیں۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہمارے مخالفین بڑی تکلیف کا شکار ہیں کہتے ہیں کہ میں نے چیئرمین سینیٹ کیخلاف بیان دیا، جو پیسے دے کر چیئرمین سینیٹ بنے وہ پاکستان کی نمائندگی نہیں کرسکتا اور جو سیٹیں پیسے دے کر خریدی گئی ہوں عوام ان کو قبول نہیں کرتے، ہمیں برائی اور پیسے کی سیاست کو ختم کرنا ہے، ن لیگ واحد جماعت ہے جس نے سینیٹ الیکشن کیلئے ایک پیسہ خرچ نہیں کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور عمران خان میڈیا پر آکر کہہ دیں کہ چیئرمین سینیٹ پیسوں سے نہیں بنا اور ان کے ایم پی اے نہیں بکے، یا چیئرمین سینیٹ کہہ دے کہ وہ پیسے دے کر چیئرمین نہیں بنا،۔

ان کا کہنا تھا کہ عزت کرسی پر بیٹھنے سے نہیں کرپشن سے پاک سیاست سے آتی ہے، جو سینیٹر پیسے دے کر ایوان میں آئے ان کا ضمیر بھی ملامت کرتا ہوگا، ہماری تنقید سے ہونے والی تکلیف مخالفین کو برداشت کرنی پڑے گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں