کراچی : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کراچی میں بجلی کے بحران کا نوٹس لے لیا، وہ پیر کو ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا نوٹس نیپرا کے بعد وزیر اعظم نے بھی لے لیا، وزیراعظم کل ایک روزہ دورے پر کراچی آئیں گے، شاہد خاقان عباسی کراچی میں لوڈشیڈنگ پر کابینہ برائے توانائی کے اجلاس کی صدارت بھی کریںگے۔
اجلاس گورنر ہاؤس میں ہوگا، اجلاس میں وفاقی وزیر سردار اویس خان لغاری، مشیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل، کے الیکٹرک کے سی ای او طیب ترین، ایس ایس جی کے ایم ڈی امین راجپوت، سیکرٹری فنانس صنعت و تجارت کے قائم مقام صدر مظہر الناصر بھی شریک ہونگے۔
اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بجلی کے بحران کے حوالے سے رپورٹ بھی پیش کی جائے گی جبکہ کے الیکٹرک اور سوئی سودرن گیس سے بھی بجلی کے بحران کے حوالے سے رپورٹ طلب کی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نیپرا (نیشنل پاور اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی) نے بھی کراچی میں بجلی کے بحران کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اس کا ذمہ دار کے الیکٹرک کو ٹھہرایا تھا۔
مزید پڑھیں: کے الیکٹرک بجلی کی بحران کی ذمہ دار ہے، قانونی کارروائی کی جائے گی، نیپرا
اپنی جاری کردہ رپورٹ میں نیپرا کا مؤقف تھا کہ گیس نہیں ہے تو کے الیکٹرک فرنس آئل سے بجلی کیوں نہیں بنارہی؟ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کورنگی کمبائنڈ پلانٹ اور بن قاسم پلانٹ دو متبال فیول سے چلائے تو لوڈشیڈنگ میں کمی آسکتی ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔