منگل, نومبر 19, 2024
اشتہار

وزیراعظم کی چیف جسٹس سے دو گھنٹے طویل ملاقات، سپریم کورٹ‌ کا اعلامیہ جاری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اور چیف جسٹس آف پاکستان کے درمیان آج ایک اہم ملاقات ہوئی۔ یہ ملاقات دو گھنٹے جاری رہی۔

تفصیلات کے مطابق آج سات بجے وزیراعظم چیف جسٹس سے ملاقات کے لیے سپریم کورٹ پہنچے۔ یہ ملاقات چیف جسٹس ثاقب نثار کے چیمبر میں ہوئی۔ اس دوران سپریم کورٹ کے رجسٹرار بھی موجود تھے۔ 

قبل ازیں وزیراعظم بغیر پروٹوکول سپریم کورٹ آئے۔ چیف جسٹس نے شاہد خاقان عباسی کا استقبال کیا۔ اطلاعات کے مطابق یہ ملاقات وزیراعظم کی درخواست پر کی گئی۔ ملاقات میں اہم امور زیر بحث آئے۔ ملاقات کے بعد جسٹس ثاقب نثار اور وزیراعظم نے ساتھ تصویر بنوائی۔ چیف جسٹس نے وزیر اعطم کو رخصت کیا۔

- Advertisement -

ذرایع نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ ملاقات وزیراعظم کی درخواست پر کی گئی۔ چیف جسٹس نے دیگر ججز سے مشورہ کرنے کے بعد وزیراعظم سے ملاقات کی ہامی بھری۔ 

واضح رہے کہ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے، جب ن لیگ کی جانب سے اعلیٰ عدلیہ پر تنقید کے تیر برسائے جارہے ہیں۔

یادر رہے کہ 2007 میں سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے اُس وقت کے وزیراعظم شوکت عزیز سے  ملاقات کی تھی، سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے بعد ازاں وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے ملنے وزیراعظم ہائوس آئے تھے۔

سپریم کورٹ کا اعلامیہ


ملاقات کے بعد سپریم کورٹ نے وزیراعظم کی چیف جسٹس سے ہونے والی ملاقات کا اعلامیہ جاری کیا۔

اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس نے یہ ملاقات وزیراعظم کی درخواست پرکی، وزیراعظم نے ملاقات کا پیغام اٹارنی جنرل کے ذریعے بھجوایا تھا۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ چیف جسٹس سے وزیراعظم کی ملاقات خوشگوارماحول میں ہوئی، پاکستان میں عدالتی نظام کی بہتری کے لیے وزیراعظم نے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ وزیراعظم نے فوری، سستے انصاف کے لیے وسائل کی فراہمی کا یقین دہانی کروائی۔

سپریم کورٹ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے ایف بی آر کی مشکلات، ٹیکس مقدمات کا معاملہ اٹھایا۔ چیف جسٹس نے وزیراعظم کوبتا دیا کہ عدلیہ آئینی ذمے داریاں پوری کرتی رہے گی۔ ملاقات میں وزیر اعظم کو یقین دہانی کروائی گئی کہ محصولات سے متعلق مقدمات جلد نمٹائیں گے۔

وزیراعظم نے عدالتی نظام میں بہتری سے متعلق چیف جسٹس کے خیالات سے اتفاق کیا۔ ساتھ ہی چیف جسٹس کو ازخود نوٹس پر تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ وزیراعظم نے تعلیم، صحت کے شعبے میں حکومتی تعاون کا یقین دلاتے ہوئے جوڈیشل سسٹم کو ری ویمپ کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔


اللہ تعالٰی ہمیں حضرت عمر خطاب جیسے حکمران سے نوازے، چیف جسٹس


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں