اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنا ہماری حکومت کی ترجیح ہے، حکومت کا مقصد ٹیکس لگانا نہیں ٹیکس ادا کرنے والوں کو سہولیات دینا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی معاشی ٹیم کے ہمراہ معروف صنعت کاروں، بزنس کمیونٹی سے ملاقات ہوئی، وفد میں آئی ٹی، دواساز، ٹیکسٹائل، پلاسٹک، گارمنٹس، صنعتوں کے نمائندگان شامل تھے، ملاقات میں وزیر برائے منصوبہ بندی، مشیر خزانہ، مشیر تجارت، چیئرمین ایف بی آر بھی موجود تھے۔
صنعت کاروں کے وفد نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کاروباری طبقے کا اعتماد حاصل کرنا ہمارے لیے اہم ہے، تاجر برادری سے مسلسل ملاقاتیں کررہا ہوں، آئی ٹی کا شعبہ گڈ گورننس، عوام کی فلاح میں کردار ادا کرسکتا ہے۔
مزید پڑھیں: سٹیزن پورٹل : وزیراعظم کا غفلت برتنے والے افسران کیخلاف تحقیقات کا حکم
عمران خان نے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی کے لیے کاروباری برادری کو ہر اول دستے کا کردار ادا کرنا ہوگا، حکومت کاروباری طبقے کی سہولت کاری کا کردار ادا کرے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ پاکستانی برآمدات دنیا بھر میں دوسرے ممالک میں بننے والی مصنوعات سے معیار اور قیمت میں مقابلہ کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی نظام خصوصاً ٹیکس وصولیوں کے نظام پر کاروباری طبقے کے اعتماد کو بحال کرنے کے لیے ایف بی آر میں اصلاحات کررہے ہیں، مقصد ان پالیسیوں سے کاروبار میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہے۔