چونیاں : وزیراعظم شہباز شریف نے لکی مروت بارودی سرنگ دھماکے میں شہید کا آبائی گاؤں کیپٹن فراز الیاس کے نام سے منسوب کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے لکی مروت بارودی سرنگ دھماکے میں شہیدکیپٹن فرازالیاس کے نماز جنازہ میں شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے شہید کیپٹن کے والدین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید کی قربانی رائیگاں نہیں جائےگی اور دہشت گردوں کوکیفرکردارتک پہنچاکردم لیں گے۔
مزید پڑھیں : دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے کیپٹن محمد فراز الیاس فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمنوں کا مکمل خاتمہ کریں گے ، اللہ تعالیٰ خوش نصیبوں کو شہادت کا رتبہ عطا کرتا ہے۔
وزیراعظم نے قرآن کریم کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے لواحقین کا حوصلہ بڑھایا۔
وزیراعظم نے آبائی گاؤں کا نام کیپٹن فراز الیاس شہید کے نام سے منسوب کردیا اور شہید کے گاؤں کو ماڈل ولیج بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم نے کیپٹن فرازالیاس شہید کی قبرپرحاضری دی اور پھول رکھے جبکہ شہید کو پاک فوج کے جوانوں نے گن سیلوٹ پیش کیا۔
اس سے قبل وزیراعظم نے لکی مروت میں کیپٹن سمیت سات جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ قوم قانون نافذ کرنے والے اداروں کوخدمات اورلازوال قربانیوں پرسلام پیش کرتی ہے، ہمارے بہادر فوجی جوانوں اورشہریوں کی قربانیاں ہم پر قرض ہیں، دہشت گردوں کو کیفرکردارتک پہنچاکردم لیں گے۔
واضح رہے لکی مروت میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں کیپٹن فرازالیاس اورچھ جوانوں نے جام شہادت نوش کیا تھا، سیکیورٹی فورسز کی گاڑی آئی ای ڈی سے ٹکرائی تھی۔