کراچی: وزیر اعظم نواز شریف نے ہندو برادری کے تہوار ہولی کے موقع پر تقریب میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے تمام شرکا کو ہولی کی مبارکباد دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے ہولی کے موقع پر منعقد کی جانے والی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ 2 سال پہلے بھی یہاں آ کر خوشی ہوئی تھی۔ ہولی رت بدلنے کا تہوار ہے۔ دل میں محبت نہ تو وہ اس پھول کی طرح ہے جس میں نہ رنگ ہے اور نہ خوشبو۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اسلام دنیا میں سب لوگوں کو ایک نظر سے دیکھتا ہے اور تمام انسانوں کے جان و مال کو ایک جیسی اہمیت دیتا ہے۔ ترقی میں کوئی رنگ اور تعصب حائل نہیں ہونا چاہیئے۔ آپ کو بھی آگے بڑھنے کے برابر مواقع ملنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ زبردستی مذہب تبدیل کروانا ہماری نظر میں جرم ہے۔ آئین تمام شہریوں کو ایک جیسے حقوق دیتا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اگر کسی کی عبادت گاہ پر حملہ ہو تو میں کھڑا ہوں گا۔ ہمیں مندروں اور دیگر عبادت گاہوں کی حفاظت کرنی ہے۔ تمام مذاہب انسانیت کا احترام سکھاتے ہیں۔ سب پیغمبروں اور کتابوں پر ایمان لائیں گے تو مسلمان کہلائیں گے۔
خطاب میں وزیر اعظم نے ہندو برادری کی فلاح کے لیے 50 کروڑ روپے کا اعلان بھی کیا۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف آج 2 روزہ دورے پر کراچی پہنچے ہیں۔ کراچی پہنچنے پر گورنر سندھ محمد زبیر، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، آئی جی سندھ اور دیگر افسران نے ان کا استقبال کیا۔
وزیر اعظم نواز شریف کی مسلم لیگ سندھ کے کارکنوں سے ملاقات
اس سے قبل وزیر اعظم نواز شریف نے گورنر ہاؤس میں مسلم لیگ (ن) سندھ کے کارکنوں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ کراچی پر امن شہر تھا لیکن اس کو نظر لگ گئی۔ شہر دوبارہ روشنیوں کی طرف لوٹ آیا ہے۔ سنہ 2018 میں سندھ بھر میں الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کراچی سرکلر ریلوے کو سی پیک میں شامل کردیا ہے۔ کراچی سرکلر ریلوے کی بہت جلد تعمیر شروع کردی جائے گی۔
وزیر اعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ کراچی میں پانی کا مسئلہ سنگین ہے۔ کے فور منصوبے کے لیے وفاق صوبے کو 50 فیصد رقم دے گا۔ کراچی کے امن کو بحال کیے بغیر ترقی ناممکن ہے۔ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
گستاخانہ مواد کی فوری بندش کی ہدایت
روانگی سے قبل وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار کو گستاخانہ مواد کی فوری بندش کی ہدایت کی اور کہا کہ تمام متعلقہ ادارے اس طرح کا مواد پھیلانے والوں کا سراغ لگائیں اور مواد پھیلانے والوں کو کڑی سزا دلانے کے لیے متحرک ہوجائیں۔
وزیر اعظم نوازشریف نے کہا کہ حضور پاک ﷺ سے محبت و عقیدت ہر مسلمان کا قیمتی سرمایہ ہے۔ نبی کریم ﷺ کی شان میں کسی بھی طرح کی گستاخی ناقابل معافی ہے۔ اس مواد کو ہٹانے اور اس کا راستہ روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور ذمے داروں کو بلا تاخیر کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
ذرائع کے مطابق سندھ میں تقریبات میں شرکت کے بعد وزیر اعظم بلوچستان کے علاقے حب کے لیے روانہ ہوجائیں گے جہاں وہ گڈانی میں منعقد کردہ ایک خصوصی تقریب میں شرکت کریں گے اور پارٹی رہنماؤں اور کارکنان سے ملاقاتیں کریں گے۔