اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف سعودی عرب میں امریکہ عرب اسلامی ممالک کے سربراہاں کے اجلاس میں شرکت کےلیے سعودی عرب پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز کی دعوت پر سعودی عرب پہنچ گئے،جہاں وہ امریکہ-عرب اسلامی ممالک کے سربراہان کے اجلاس میں شرکت کریں گے،سربراہی اجلاس کی سائیڈ لائیز پر ان کی ملاقات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہونے کا امکان ہے۔
وزارت خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز- ٹرمپ ملاقات کے امکانات روشن ہیں، ڈونلڈٹرمپ کے امریکہ کا صدر بننے کے بعد دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان یہ پہلی ملاقات ہوگی۔
دورے کے دوران وزیراعظم ریاض میں اسلامی کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے جبکہ شاہ سلمان ، سعودی عمائدین اور دیگر مسلمان ممالک کے سربراہوں سے بھی ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم اسلام آباد سے ریاض جبکہ ان کی واپسی مدینہ المنورہ سے ہوگی، اپنے دورے کے دوران وزیراعظم روضہ رسول ﷺ پر حاضری بھی دیں گے۔
مزید پڑھیں : وزیراعظم نوازشریف نے خادم حرمین الشریفین کی دعوت قبول کرلی
اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف سے سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے بھی ملاقات متوقع ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم نوازشریف کو خادم الحرمین شریفین کی جانب سے امریکہ ،عرب اور اسلامی سمٹ میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی، جس کا دعوت نامہ سعودی وزیر اطلاعات عواد بن صالح العواد نے گذشتہ ہفتے اپنے اسلام آباد کے دورے میں پہنچایا۔
جس کو نواز شریف نے قبول کرتے ہوئے کرتے ہوئے 20 مئی کو سعودی عرب جانے کا فیصلہ کیا تھا۔