لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشیدکا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نوازشریف کی حکومت نے حج کے مقدس فریضے کے لیے بہترین سہولتیں فراہم کیں۔
تفصیلات کےمطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف اور اپنی طرف سے پوری قوم کو حج کی مبارکباددیتا ہوں۔
وفاقی وزیر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی حکومت میں چارحج ہوئے ہماری حکومت میں جب بھی حاجی حج کرکے آئے تو انہوں نے انتظامات کی تعریف کی۔
انہوں نےکہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت میں حج کی سعادت سستی ہوئی.سرکاری حج کے اخراجات اور سہولت بھی بہتر ہوئی۔
پرویز رشید نے مزید کہاکہ حج کے مقدس مہینے میں عمران خان نے دو وعدے کئے ، ایک وعدہ حج پر تشریف لےجانے کا کیا دوسرا رائیونڈ جانے کا ،عمران حج پر اس لئے نہیں گئے کہ اللہ نے انہیں اجازت نہیں دی ،دوسری وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ عمران خان کا شیطان سے مل مکا ہو گیا۔
پرویز رشید نے کہا کہ سب لوگوں کی خواہش ہوتی ہے کہ سرکاری حج کے انتظامات سے مستفید ہوں کیوں کہ پیسے بھی کم خرچ ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت سے پہلے سرکاری حج پر زیادہ پیسے خرچ ہوتے تھے لیکن وزیراعظم نوازشریف نے حج کے اخراجات میں کمی کی تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام اس سے مستفید ہوسکے۔