لاہور : وزیرِاعظم نوازشریف کی نواسی اور مریم نواز کی صاحبزادی مہر النساء چھبیس دسمبر کو پیا گھر سدھاریں گی، مہر النساء کی شادی معروف کاروباری شخصیت میاں منیر احمد کے بیٹے راحیل منیر کے ساتھ طے پائی ہے۔
وزیر اعظم نواز شریف کی نواسی اور مریم نواز کی صاحبزادی کی شادی کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، پچیس دسمبر کو دلہن مہر النساء مایوں بیٹھیں گی، چھبیس دسمبر کو رخصتی ہوگی جبکہ ستائیس دسمبر کو ولیمہ ہوگا۔
مایوں کے روز دلہن کے نانا وزیر اعظم نواز شریف کی سالگرہ بھی ہے، شادی میں شرکت کے لیے ملکی اور غیر ملکی مہمانوں کو دعوت نامے بھجوا دیے گئے ہیں جبکہ سکیورٹی کے انتظامات کے لیے آئی جی پنجاب کو خصوصی ہدایات دے دی گئی ہیں۔
گزشتہ دنوں آئی جی پنجاب نے رائیونڈ فارم ہاؤس میں وزیر اعظم نواز شریف کو شادی کے موقع پر کیے جانے انتظامات پر بریفنگ بھی دی تھی۔
مریم نواز کی صاحبزادی مہر النساء کی شادی معروف کاروباری شخصیت میاں منیر احمد کے بیٹے راحیل منیر کے ساتھ طے پائی ہے.