اسلام آباد : وزیرِاعظم نواز شریف کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیاں تیز کر نے اور ریلیف کے لیئے تمام وسائل بروئے کارلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے.
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں ارمی چیف جنرل راحیل شریف ڈی جی ائی ایس پی آر ،وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر خزانہ اسحاق ڈار،سردار مہتاب ، پرویز رشید، چیئر مین این ڈی ایم اے اور دیگر اعلی حکام شریک ہوئے۔
چیئر مین این ڈی ایم اے نے اجلاس کو زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیوں سے متعلق تفصیلی طور پر بریف کیا اجلاس کو پاک فوج کی جانب سے امدادی سرگرمیوں بارے بھی اگاہ کیا گیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریلیف بحالی اور ریسکیو کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
وزیراعظم اپنے خطاب میں کہا کہ متاثرین کی امداد کے لئے تمام وسائل استعمال کئے جائیں گے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں مربوط انداز سے متاثرین کی امداد کے لئے اقدامات کرتی رہیں گی۔
وزیراعظم نے پاک فوج اور دیگر امدادی اداروں کی جانب سے اب تک کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔