اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف نے ترکی میں جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے ترک صدر کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ صدر اردگان سے مکمل یکجہتی اور انکی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں، ترک عوام انتشار پھیلانے والے عناصر کیخلاف اٹھ کھڑے ہوئے۔
وزیر اعظم نے ترک عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کے بہادرعوام کاعزم قابل تعریف ہے، امید ہے کہ ترک حکومت جلد ہی حالات پر قابو پا لے گی۔
حکومتی ترجمان نے بیان میں کہا کہ پاکستان ترک حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستان کے عوام ترکی میں بحالی امن کے لئے پُرامید ہیں، ترجمان دفترخارجہ کے مطابق معاون خصوصی طارق فاطمی نے ترک وزیرخارجہ کوفون کر کے یکجہتی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ترکی کی جمہوری حکومت اور اداروں کے ساتھ ہے۔
وزیردفاع خواجہ آصف نےترک صورتحال پر فوری ٹوئٹ میں کہا مارشل لاء کوئی قانون نہیں،ترک عوام اورجمہوریت کی فتح کےلئے دعاگو ہیں، انھوں نے کہا کہ جس طرح ترک عوام نے فوجی بغاوت کی کوشش کو ناکام بنایا انھیں سلام پیش کرتا ہوں، دوسروں کو بھی اس سے سبق سیکھنا چاہیئے۔