بیجنگ : وزیراعظم نواز شریف وفد کے ہمراہ چھ روزہ دورہ چین کیلئے بیجنگ پہنچ گئے، وزیراعظم ون بیلٹ، ون روڈ فورم میں شرکت کریں گے اور چین کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف چاروں وزرائے اعلیٰ اور وفد کے ہمراہ بیجنگ پہنچ گئے، بیجنگ پہنچنے پرچین کے اعلیٰ حکام نے وزیراعظم کا شانداراستقبال کیا اور انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا، وزیراعظم کے وفد میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سمیت اسحاق ڈار،احسن اقبال،خرم دستگیر،خواجہ سعدرفیق، انوشے رحمان اور دیگر بھی شامل ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف چینی صدرشی چن پنگ کی دعوت پر چین کا چھ روزہ دورہ کر رہے ہیں۔
وزیراعظم دورے کے دوران اقتصادی راہداری سےمتعلق کئی معاہدوں پردستخط اور بزنس لیڈرز سے ملاقاتیں کریں گے، وزیراعظم سرمایہ کاری کانفرنس سےبھی خطاب کریں گے ، جس میں 29ممالک کے نمائندے شریک ہوں گے۔
وزیراعظم بیلٹ اینڈروڈ فورم کے موقع پر دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقات کرینگے، اختتامی سیشن سے وزیراعظم نوازشریف سمیت دنیا کے تین اہم رہنما خطاب کریں گے، بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا۔
وزیراعظم نوازشریف ہانگ کانگ بھی جائیں گے۔