اسلام آباد : وزیراعظم نوازشریف 3روزہ دورے پر ترکی روانہ ہوگئے ، وزیراعظم پاک ترک تزویراتی تعاون کونسل اجلاس میں شرکت کرینگے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف 3روزہ دورے پر ترکی روانہ ہوگئے ، اعلیٰ سطح وفد بھی وزیراعظم نوازشریف کے ہمراہ ہے، وزیراعظم پاک ترک تزویراتی تعاون کونسل اجلاس میں شرکت کرینگے، پاک ترک تزویراتی تعاون کونسل کا پانچواں اجلاس کل انقرہ میں ہوگا۔
دورہ کے دوران وزیراعظم مختلف دوطرفہ علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر ترک قیادت کے ساتھ وسیع تر مشاورت اور تبادلہ خیال کریں گے۔
وزیراعظم محمد نواز شریف ترک وزیراعظم بن علی یلدرم کے ہمراہ جمعرات کو انقرہ میں پاک ترک اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے پانچویں اجلاس کی مشترکہ صدارت بھی کریں گے۔
خیال رہے کہ پاک ترک اعلیٰ سطحی تعاون کونسل کا قیام 2009ءمیں دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سیاسی سطح پر مشاورت کے لئے فریم ورک کے طور پر عمل میں لایا گیا۔ یہ میکنزم دوطرفہ قیادت کو سٹریٹجک فوکس اور رہنمائی فراہم کرتا اور مستقبل کے لئے ایک وژن ترتیب دینے میں معاونت کرتا ہے۔
کونسل کے تحت 6 مشترکہ ورکنگ گروپس کام کر رہے ہیں، جن میں تجارت، توانائی، بینکنگ اور فنانس، مواصلات، ریلوے، تعلیم اور ثقافت و سیاحت کے شعبے شامل ہیں۔