جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

وزیراعظم کا دورہ تاجکستان، پی آئی اے میں قلت کے باوجود دو طیارے مختص

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ تاجکستان کیلئے پی آئی اے نے جہازوں کی قلت کے باوجود دو اہم طیارے مختص کردیئے، بارہ رکنی ایئر ہوسٹسز کا گروپ بھی ہمراہ جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق اربوں روپے خسارے میں چلنے والے قومی ادارے پی آئی اے کو ایک اور جھٹکا لگ گیا، وزیر اعظم نواز شریف کے آئندہ چند روز میں دورہ تاجکستان کیلئے وزارت خارجہ کی جانب سے پی آئی اے کو وی وی آئی پی پرواز کے لئے طیارہ مختص کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

قومی ائیر لائن کا مختص کردہ ایک طیارہ خصوصی پرواز کے لئے جبکہ دوسرا اسٹینڈ بائی ہوگا، مذکورہ ہدایات کے بعد ائیر لائن انتظامیہ کی جانب سے پیر تک وی وی آئی پی پرواز کا طیارہ مختص کئے جانے کا امکان ہے۔

ائیر بس اے320یا بوئنگ777طیارے میں سے کوئی ایک دورے کیلئےمختص کئے جانے کے آپشنز پر غور کیا جارہا ہے، مذکورہ دونوں طیارے5سے6جولائی تک قومی ائیر لائن کے فضائی آپریشن سے باہر رہیں گے۔

ذرائع کے مطابق دو طیاروں کی کمی سے طیاروں کی قلت کا شکار قومی ائر لائن کا آپریشن بھی متاثر ہوگا، وی وی آئی پی پرواز کے لئے بارہ فضائی میزبانوں کا گروپ بھی مختص کیا جا ئے گا۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف پانچ جولائی کو 2 روزہ دورے پر تاجکستان کے صدر مقام دوشنبہ روانہ ہوں گے جہاں وہ تاجک رہنماؤں سے دو طرفہ اور تجارتی امور پر بات چیت کریں گے۔

اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم نواز شریف تاجک صدر ایموملی راہمون اور وزیر اعظم قاہر رسول زادہ سے ون آن ون ملاقات بھی کریں گے۔

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں