اسلام آباد : جے آئی ٹی میں وزیراعظم کی پیشی پر سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جے آئی ٹی میں وزیراعظم کی آمد کے سلسلے میں آئی جی اسلام آباد خالد خٹک کی سربراہی میں اعلیٰ سطحیٰ اجلاس ہوا، جس میں پندرہ جون کو جوڈیشل اکیڈمی میں وزیراعظم کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیکیورٹی اور آپریشنزڈویژن پولیس کے حوالے ہونگے، رینجرز، پولیس، اسپیشل برانچ و دیگراداروں کے ڈھائی ہزار اہلکار تعینات ہونگے۔
وزیراعظم کو پیشی کےموقع پر بلیوبک کے مطابق سیکیورٹی فراہم کی جائیگی، جوڈیشل اکیڈمی کےگرد عمارتوں پر سیکیورٹی اہلکار تعینات ہونگے۔
جوڈیشل اکیڈمی میں عام افراد کا داخلہ بند ہوگا جبکہ میڈیا نمائندوں کے جوڈیشل اکیڈمی میں داخلے کی اجازت کا فیصلہ بعد میں ہوگا۔
خیال رہے کہ پاناما جےآئی ٹی نے وزیراعظم نواز شریف کو گزشتہ ہفتے سمن جاری کیا تھا، جس میں ان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ سپریم کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں عدالت میں دائر کردہ آئینی درخواست کے سلسلے میں مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی کے روبرو پیش ہوں اوراپنے ہمراہ تمام دستاویز اور ثبوتوں بھی لائیں۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق جی آئی ٹی کو 13 سوالات دیئے گئے اورحکم دیا گیا کہ وزیراعظم نوازشریف سمیت ان کے خاندان کے ارکان پیش ہوں گے، حسین نواز5 مرتبہ حسن نواز2 مرتبہ پیش ہو چکے ہیں۔