واشنگٹن : وزیراعظم نواز شریف سے واشنگٹن میں پاکستان کاکس کی چئیرپرسن شیلاجیکسن، امریکی ایوان نمائندگان اورامریکی سینیٹ کی خارجہ کمیٹی کے ارکان نے الگ الگ ملاقات کی، جس میں مختلف شعبوں میں پاک امریکہ تعاون پر بات چیت کی گئی.
دورہ امریکہ کے دوران وزیراعظم نوازشریف سےامریکی ایوان نمائندگان کی خارجہ امور کمیٹی کےچیئرمین ایڈرائس کی سربراہی میں ملاقات کی، ملاقات میں چوہدری نثار،خواجہ آصف،طارق فاطمی اور سرتاج عزیز وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
اس سے پہلےامریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی نے سینیٹر باب کارکر کی سربراہی میں وزیراعظم سے ملاقات کی، وزیراعظم نے پاکستان کا ساتھ دینے اور دہشتگردی کے خلاف معاونت پر شکریہ ادا کیا، وزیراعظم نےامریکی وفد کو آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پڑوسی ممالک کے ساتھ پر امن بقائے باہمی اور خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔
سینیٹر باب کارکر نے وزیرِاعظم کے خیالات کو سراہا، انکا کہنا تھا کہ امریکہ دہشتگردی کے خاتمے میں پاکستان کے کردار اور قربانیوں کا معترف ہے.