کراچی : وزیرِاعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ اندرونی وبیرونی خطرات کے باوجود پاکستان آگے بڑھ رہا ہے، سونمیانی میں فضائیہ کے مشقوں سےخطاب میں انکا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ قو م کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
وزیراعظم سونمیانی فائرنگ رینج میں پاک فضائیہ کی فائر پاور مشقوں کا معائنہ کرنے پہنچ گئے، تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اندرونی و بیرونی خطرات کے باوجود پاکستان ترقی کے سفر کیجانب گامزن ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہو گا، آپریشن ضرب عضب میں فضائیہ نے کلیدی کردارادا کیا۔
تقریب سےخطاب میں ایئرچیف سہیل امان کا کہنا تھا پاک فضائیہ اپنی حدود کے تحفظ کیلئے پوری طرح تیار ہے، ایئرچیف نے جے ایف سیونٹین تھنڈر طیارے کی پاک فضائیہ میں شمولیت پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ جےایف سیونٹین طیارے کی کارکردگی انتہائی شاندار ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم نے پاک فضائیہ کی مشقوں کامعائنہ کیا، وزیراعظم کو فائر پاور ڈیمو سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، بعد ازاں پاک فضائیہ کیجانب سے لڑاکا طیاروں کے ہدف کونشانہ بنانے کا شاندار مظاہرہ کیا گیا.
تقریب میں وفاقی وزیردفاع ، وزیراعلی سندھ اور شہید خاتون پائلٹ مریم مختار کے اہلخانہ بھی موجود تھے.