اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ملک گیر انسداد پولیو مہم کے آغاز کے موقع پر قوم سے قدم بڑھانے اور ملک کو پولیو فری بنانے کی اپیل کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک گیر انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوچکا ہے، میں قوم سے کہتا ہوں کہ آگے آئیں، ذمے داری اٹھائیں اور پاکستان کو پولیو فری بنائیں۔
As the nationwide campaign against polio begins across Pakistan, I call on the nation to step forward, take responsibility and make Pakistan #polio-free. #PakFightsPolio
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) December 10, 2018
خیال رہے کہ چند روز قبل وزیر اعظم عمران خان اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا جس میں بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے کی کاوشوں پر عمران خان کو خراج تحسین پیش کیا تھا۔
ٹیلی فونک گفتگو میں انسداد پولیو کے لیے بل گیٹس کی جانب سے مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی بھی کروائی گئی تھی۔
انسداد پولیو کے لیے پاکستان اور افغانستان میں سال 2018 کی آخری پولیو مہم بیک وقت چلائی جارہی ہے جس کا آغاز آج ہورہا ہے۔ قومی انسداد پولیو مہم 5 روز تک جاری رہے گی اور مہم میں 3 کروڑ 80 لاکھ بچوں کی پولیو ویکسی نیشن کی جائے گی۔
دوسری جانب پاکستان میں پولیو کیسز کی شرح میں تیزی سے کمی جاری ہے، سنہ 2017 میں پولیو کے 8 کیسز ریکارڈ کیے گئے جبکہ رواں برس یہ تعداد مزید کم ہوگئی اور اب تک ملک میں 6 پولیو کیسز کی تشخیص کی گئی ہے۔