وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی نسلوں کیلئے کرہ ارض کو محفوظ بنانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ورلڈ کلائمیٹ ایکشن سمٹ کے اعلیٰ سطح سیگمنٹ سے خطاب میں کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک بڑا چیلنج ہے، ہم نے آئندہ نسلوں کیلئے کرہ ارض کو محفوظ بنانا ہے، موسمیاتی تبدیلیوں سے پانی کی فراہمی، زراعت اور انسانی صحت متاثر ہو رہی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موسمیاتی چیلنج سے نمٹنے کیلئے ترقی پذیر ملکوں کی ضروریات 100 ارب ڈالر کی یقینی دہانی سے کہیں زیادہ ہے، 2030 تک کم از کم 6 ٹریلین ڈالرز ترقی پذیر ملکوں کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے دینا ہونگے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ لاس اینڈ ڈیمج کیلئے موجودہ فنانس صرف 21 ارب ڈالرز ہیں، فرق کو ختم کرنا ہوگا، موسمیاتی تبدیلی کے باعث سالانہ لاس اینڈ ڈیمج کا تخمینہ 400 ارب ڈالرز ہے۔