اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے گندم بحران پر ڈی جی ایف آئی اے کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گندم بحران پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کر دی، کمیٹی گندم بحران کے اصل ذمہ داروں کا تعین بھی کرے گی۔
وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ 3 ارکان پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی ڈی جی ایف آئی اے کریں گے، آئی بی، اینٹی کرپشن پنجاب کے ممبران بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔
کمیٹی ملک میں گندم کے موجودہ ذخیرے اور مستقبل کے لیے سفارشات بھی مرتب کرے گی جبکہ گندم کی درآمد سے متعلق کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کا جائزہ بھی لے گی۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے آٹے کی قیمت میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے آٹے کے بحران سے نمٹنے کے لیے گرینڈ آپریشن کی ہدایت کی تھی تاہم اس کے باوجود آٹا مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ملک میں جاری آٹے کی قلت اور بحران کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا تھا۔