اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے جلد سے جلد الیکشن کرانے کا مطالبہ کردیا اور کہا واقعات سے سبق حاصل کرکے آگے بڑھنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سینئرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل ملک کی ترقی کے لیے ہے، وزیراعظم کونسل کا سربراہ آرمی چیف سمیت وزرائے اعلیٰ ممبر ہیں، فوج کا ملکی ترقی میں کردار ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے الیکشن جلد سے جلد ہوں، کوشش کی 16 ماہ میں مل کر مسائل حل کریں۔
وزیراعظم نے بتایا کہ جب ہم آئے ملک میں خلفشارتھا، معاشی سفارتی سیاسی صورتحال خراب تھی، مسائل حل کرنے کے لئے جان توڑ کوششیں کیں۔
ملک میں بڑھتی مہنگائی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی صرف آئی ایم ایف کی وجہ سے نہیں، یوکرین جنگ کی وجہ سے عالمی سطح پر مہنگائی کا مسئلہ ہے، دنیا میں تیل کی قیمتیں آج بھی آسمان پر ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ چند سال قبل حساس ادارے کےافسرکودوران آپریشن شہیدکیاگیا، قانون میں تبدیلی کی جووطن کیلئےقربانی دیتےہیں ان کی شناخت لیک نہ کی جائے، ان کی شناخت کاتحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، آفیشل سیکرٹ ایکٹ میں اس کیلئے ترمیم کی گئی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کسٹم ڈیوٹی پر کرپشن ختم کردی جائے تو ٹیکس لگانے کی ضرورت نہیں، عدالتوں کے حکم امتناعی کی وجہ سے 3 ہزار اب کی وصولیاں رکی ہوئی ہیں، اشرافیہ پر ٹیکس لگا تو حکم امتناع آگیا، دہائیوں سےحکم امتناع عدالتوں میں لٹک رہےہیں۔
آرمی چیف کی تعریف پر تنقید کا نشانہ بننے پر انھوں نے کہا کہ بارہ کہوپل کےافتتاح پرآرمی چیف کی تعریف کی توتنقیدہوئی، آرمی چیف سےدرخواست کرکے ایف ڈبلیواواوراین ایل سی نےبروقت پل مکمل کرایا، آرمی چیف سے اس کے لیے در خواست کرنےمیں کیا حرج تھی۔
شہباز شریف نے بتایا کہ 2013کے شفاف الیکشن کے بعد دھرنا سیاست کاآغاز ہو ا، چین کے دورہ پاکستان کو ملتوی کرایا گیا، 2014میں پی ٹی آئی دھرنا ختم کرانے کیلئے راحیل شریف سےملا ، چیئرمین پی ٹی آئی نےدھرنا ختم کرنے سے انکارکیا، چین کے سفیر نے بتایا ان حالات میں چین کے صدر نہیں آسکتے، اس وقت ملک کے خلاف سنگین سازش ہوئی۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ واقعات سےسبق حاصل کرکےآگےبڑھناہے، 2018 کا الیکشن چوری ہونے پر نواز شریف نے ووٹ کوعزت دو کا نعرہ لگایا۔