تازہ ترین

صدر مملکت اور وزیراعظم کا یوم پاکستان پر اپنے بانیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش

اسلام آباد : صدر مملکت عار ف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے یوم پاکستان پر اپنے بانیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان آج ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے ، صدر ڈاکٹرعارف علوی نے یوم پاکستان کے موقع پرپیغام میں کہا کہ یوم پاکستان پر پوری پاکستانی قوم کومبارکبادپیش کرتاہوں اور بانیاں پاکستان کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

عارف علوی کا کہنا تھا کہ آج کا دن بحیثیت قوم ہمیں اپنی کامیابیوں اور ناکامیوں کاجائزہ لینے کی بھی یاد دہانی کراتاہے، چیلنجز کے باوجود ہم نے مسلسل محنت اورقابلیت سےشاندار کامیابیاں حاصل کیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہم نے ریاستی ادارے قائم کئے،اپنے دفاع کو ناقابل تسخیربنایا، جوہری صلاحیت حاصل کی،دہشت گردی اور کورونا پر قابو پایا اور قدرتی آفات کے دوران قربانی اور تعاون کےجذبے کا مظاہرہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں قانون کی حکمرانی ،جمہوریت کی مضبوطی،معاشرے میں عدم مساوات کو کم کرنے کیلئے، دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے،سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے مزید کام کرنا ہوگا۔

عارف علوی نے مزید کہا کہ میرا پختہ یقین ہے کہ ہم پاکستان کو درپیش چیلنجزپرقابوپانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں ، اتحاد،ایمان اور نظم وضبط کے ساتھ پاکستان کو مضبوط اور خوشحال ملک بناسکتے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے یوم پاکستان پرپیغام میں کہا کہ 23مارچ ہماری قومی تاریخ کاعہدسازدن ہےجوہمیں ماضی کی یاددلاتاہے، آج کادن موجودہ حالات پرغوروفکر کی دعوت اور خوشحال مستقبل کی تعمیر کی تحریک دیتاہے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ 23مارچ 1940کوبرصغیرکےمسلمانوں نےایک علیحدہ وطن کےقیام کی قراردادمنظورکی تھی ، پاکستان کاقیام یقیناً 20ویں صدی کا ایک معجزہ ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ ہمارے پچھلے75سالوں کے سفر نے ہمیں جنگوں سے نبردآزماہوتےدیکھا، قدرتی آفات سمیت بہت سے بحرانوں سے لڑتے دیکھا ہے، کئی مواقع ایسے آئےجب ہم نےمشکلات پرقابوپالیا اورکئی سنگ میل حاصل کئے ، پاکستان نےانسانیت کودرپیش مسائل کےحل اورعالمی امن کیلئےذمہ دار قوم کا کردار ادا کیا۔

انھوں نے یوم پاکستان پر اپنے بانیوں کی قربانیوں کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہمیں ان چیلنجز کونظراندازنہیں کرنا چاہیئے جو ہمارے سامنے ہیں، آج ہمیں سیاسی ومعاشی عدم استحکام کا سامنا ہے۔

شہبازشریف نے بتایا کہ پاکستان سیاسی اور آئینی جدوجہد کے نتیجےمیں معرض وجود میں آیا تھا، پاکستان کامستقبل آئین پراس کی روح کے مطابق عمل کرنے میں مضمر ہے، پاکستان کا مقدر عظیم کامیابیاں اوربلندیاں حاصل کرنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد اوراپنے آپ کو قومی مقصد سے آراستہ کرنا ہوگا، ہمیں اپنے اسلاف کی میراث کے مطابق جدوجہد کرنے کاعزم کرناہوگا، آیئے آج کے دن ہم خود احتسابی کریں تاکہ اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں کاازالہ کرسکیں۔

Comments

- Advertisement -