اسلام آباد : وزیراعظم شہبازشریف نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو سیلاب متاثرین کی خدمت کیلئے ہر ممکن مدد کی پیشکش کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور وزیراعلیٰ سندھ سے سیلاب متاثرین کی امدادسےمتعلق آگاہی حاصل کی۔
وزیراعظم نے کہا وفاقی حکومت ہر طرح سے مدد کے لیے حاضرہے اور ہدایت کی سیلاب متاثرین کی خدمت میں کوئی کسرنہ اٹھارکھی جائے۔
وزیراعظم نےسیلاب متاثرین سےمتعلق وزیراعلیٰ اورسندھ حکومت کی کارکردگی کوسراہا ، مراد علی شاہ نے بھرپور تعاون پر وفاقی حکومت اور وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے گذشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے غذر میں سیلاب متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے خدمت پر یقین رکھتے ہیں، 25 ہزار روپے ریلیف کیش فوری طور پر ہر متاثرین کو دیا جا رہا ہے، سیلاب متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایک پائی بھی کسی غیر مستحق تک نہیں پہنچنے دیں گے، یقین دلاتا ہوں کہ امداد صرف حقدار تک پہنچائی جائے گی، سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے صوبائی حکومتوں سے مل کر کام کریں گے، یہ سیاست کا نہیں خدمت کا وقت ہے۔