وزیر اعظم شہباز شریف نے لبنانی ہم منصب سے بیروت کے راستے شام میں پھنسے پاکستانی شہریوں کے فوری انخلا میں تعاون کی درخواست کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کا لبنان کے وزیراعظم نجیب میقاتی سے ٹیلیفون پر رابطہ ہوا جس میں لبنان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت کیلئے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے لبنان کےلیےجنگ بندی کےمعاہدے کا خیرمقدم کیا اور فلسطینی عوام کےلیے بھی اسی طرح کے جنگ بندی معاہدے پر زور دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم اس مشکل وقت میں لبنان کےعوام کیساتھ یکجہتی کیلئےکھڑی ہے۔
شہباز شریف نے بیروت کے راستے شام میں پھنسے پاکستانی شہریوں کے فوری انخلا میں تعاون کی درخواست کی جس پر لبنانی وزیراعظم نے شام سے پاکستانیوں کے انخلاء میں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کروائی۔
لبنانی وزیراعظم نجیب میقاتی نے کہا کہ لبنان کیخلاف اسرائیلی جارحیت کیخلاف پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت پر مشکور ہیں، دونوں ممالک کے درمیان گرمجوشی پر مبنی برادرانہ تعلقات کی ایک مثال ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے شام اور لبنان میں تعینات پاکستانی سفراء سے بھی رابطہ کیا اور انہیں شام میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا کیلئے ہر ممکن تعاون اور مدد فراہمی کی ہدایت کی۔